اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے تحریک عدم اعتماد لانے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران نواز شریف نے تحریک عدم اعتماد لانے کی باقاعدہ منظوری دی جبکہ (ن) لیگی اراکین نے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر دستخط کر دئیے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے (ن) لیگی ارکان اسمبلی کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرائی جائے گی اس لئے تمام ممبران اسلام آباد میں ہی رہیں کیونکہ کسی بھی وقت قومی اسمبلی کا اجلاس ہو سکتا ہے۔