اسلام آباد: صوبہ پنجاب میں سردار عثمان بزدار کی جگہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءعلیم خان کے وزیراعلیٰ بننے کے قوی امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بزدار کی جگہ پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ ہی لایا جائے گا تاہم اس معاملے میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے بروقت فیصلہ نہ کئے جانے کے باعث تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی طے کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ نے وفاق میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے بھرپور حمایت کا عندیہ بھی دیا ہے اور اپوزیشن کو اس ضمن میں کسی بھی طرح کی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے وزیراعظم کو علیم خان اور ترین گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجویز دی ہے اور پنجاب میں اب حکومت خود ہی تبدیلی لائے گی۔
دوسری جانب تحریک عدم اعتماد آج جمع کرانے کا فیصلہ کچھ دیر میں ہو گا اور اس حوالے سے معاملات طے کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے الگ الگ پارٹی اجلاس طلب کئے ہیں۔