مہوش حیات کی کمر پر ہاتھ رکھنے کی کوشش کرنیوالے شخص کیساتھ کیا ہوا؟ اداکارہ نے ویڈیو شئیر کر دی

09:11 AM, 8 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف  اداکارہ مہوش حیات نے دو روز قبل اپنے ساتھ پیش آنیوالے  ایک ناخوشگوار واقعے پر  انسٹاگرام سٹوری میں ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سوشل میڈیا پرایک  ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اداکارہ کسی تقریب میں موجود ہیں جہاں مہوش حیات کے ساتھ ایک شخص تصویر بنوانے کیلئے کھڑا ہے اور اس دوران اداکارہ کی کمر پر ہاتھ رکھنے کی کوشش کر تا ہے تاہم ایک دوسرا شخص فوری ہاتھ کو  پیچھے جھٹک دیتا ہے ، جس پر ہال میں موجود ایک خاتون بھی ہاتھ ہٹانے والے شخص کے اقدام کو سراہتی ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات نے بھی اپنی انسٹا گرام سٹوری پر یہ ویڈیو شئیر کی اور اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ’افسوس ہوتاکہ جب مداح سمجھتے ہیں کہ فنکاروں کیساتھ ضرورت سے زیادہ آزادی لے سکتے ہیں‘ ۔

انہوں نے اپنی سٹوری میں ان دونوں افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس واقعے کی طرف اداکارہ کی توجہ دلائی اور کمر پر ہاتھ رکھنے والے شخص کو پیچھے ہٹایا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں تمغہ امتیاز حاصل کرنیوالی اداکارہ مہوش حیات  سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور مداحوں کیلئے اپنی تصاویر اور ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شئیر کرتی رہتی ہیں تاکہ اپنی مصروفیات سے آگاہ کر سکیں۔

مزیدخبریں