اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں سربراہ جے یو پی شاہ اویس نورانی اور رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ کے درمیان مکالمہ ہوا۔
اویس نورانی نے کہا کہ صدر کے انتخاب میں اپوزیشن جماعتوں نے فضل الرحمان کوسپورٹ کیوں نہیں کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر زمان کائرہ نے اویس نورانی کو جواب دیا کہ صدر کے انتخاب کا معاملہ پی ڈی ایم بننے سے پہلے کا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے اویس نورانی کو جواب دیا کہ ہم اتحادی ہیں تاہم ضم نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اویس نورانی کو فضل الرحمان نےخاموش کروادیا، جبکہ شاہد خاقان نے بات کا رخ موڑ دیا۔
سربراہی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے مشورہ دیا کہ ہمیں پارلیمنٹ سے استعفے دینے چاہیں اور پھر ساری توجہ تحریک پر دینی چاہیے کیونکہ استعفے بھی جمہوری عمل ہیں۔
لانگ مارچ کے حوالے سے سربراہ اتحاد نے تجویز پیش کی کہ ہمیں واضح حکمت عملی کے ساتھ لانگ مارچ کرنا چاہیے، اسلام آباد یا راولپنڈی پہنچ کر چند روز قیام ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ کر دی گئی ہے، خارجہ پالیسی بھی ناکام ہے۔