ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث سکولوں میں حاضری کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
منگل کے روز این سی او سی کے اجلاس میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنےاور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی زیرصدارت ہوا جس میں ملک بھر سے کورنا کے کیسز کے بارے میں بریف کیا گیا ۔ اجلاس میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں کورونا ویکسئن لگانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔
یاد رہے کہ صوبے میں ایک روز میں 1044 نئے کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 644کیس لاہور میں سامنے آئے،لاہور میں 28 فروری کو 308 کورونا مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ترجمان کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار 8 ہو گئی ہے ۔
صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران شیخوپورہ میں 14،راولپنڈی31 اور گوجرانوالہ میں 41کیسز رپورٹ ہوئے ، سیالکوٹ میں 36،گجرات90 اورملتان میں 23، کیسز سامنے آئے جب کہ کورونا وائرس سے مزید18 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ اس طرح اموات کی کل تعداد 5 ہزار 5 سو 52 ہو گئی ہے، اب تک 34 لاکھ 2 ہزار 3 سو 77 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔