کسی بھی لڑکی کو دلہن بن کر میکے سے جدائی کا صدمہ رلا ہی دیتا ہے ۔ ماں باپ بھائی بہن کے ساتھ گذرا وقت یاد کرکے آنسوبہنا ایک فطری عمل ہے لیکن اگر رخصتی کے وقت یہ صدمہ کسی کی جان ہی لے لے تو پھر اس سے زیادہ دکھ کی گھڑی بھی کوئی اور نہیں ہوگی ۔
بھارتی ریاست اڑیسہ میں نئی نویلی دلہن رخصتی کے وقت رورہی تھی کہ اس کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سونپور کے گاؤں بینکا سے تعلق رکھنے والی گپت سواری کے ساتھ پیش آیا ۔ رخصتی کے وقت گپتسواری والدین کے ملاقات کرتے ہوئے رو رہی تھی کہ اچانک وہ بیہوش ہوگئی ۔ بے ہوشی کے دوران ہی اس کو دل کا دورہ پڑا ۔ دلہن کو رخصتی کے لئے سجائی گئی گاڑی میں ہی ہسپتال لے جایا گیا لیکن جب وہ ہسپتال پہنچی تو ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دلہن کو رونے کے دوران ہی ہارٹ اٹیک ہوا جس سے اس کی موت ہوگئی ۔
دلہن کے اہل محلہ کا کہنا تھا کہ گپتسواری رخصتی کے وقت دباؤ میں تھی کیونکہ کچھ عرصہ قبل ہی اس نے اپنے والد کو کھو دیا تھا، اس کی شادی کا اہتمام بھی ماموں کی جانب سے کیا گیا تھا۔اہل محلہ کے مطابق ہمیں توقع نہیں تھی کہ اس کی موت اس طرح ہو جائے گی، وہ ایک اچھی لڑکی تھی۔