لاہور : پاکستان کے دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان آئندہ 48 گھنٹے میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے محمد وسیم کی سربراہی میں مشاورت کی جس میں قومی اسکواڈ کا اعلان 10 مارچ تک کیے جانے کا پلان تیار کیا گیا۔
ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے ایک ساتھ ہی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جنوبی افریقا روانہ ہوگی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ 30 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ قومی اسکواڈ کو ایک ساتھ چارٹر فلائٹ سے جنوبی افریقا لے جانا چاہ رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنی ہیں۔
دورہ جنوبی افریقا کے بعد قومی ٹیم کے زمبابوے میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ ٹیم نے جنوبی افریقا کے لیے 27 مارچ کو روانہ ہونا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری اور فروری میں جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔ 2 ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلی گئی تھی۔ دونوں سیریز میں پاکستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی ۔