خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی، وزیر اعظم

11:55 AM, 8 Mar, 2020

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ترقی حاصل نہیں ہو سکتی۔

وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔ ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے اور ہمارے پیغمبر نے بھی خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین قومی و بین الاقوامی سطح پر زندگی کے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں اور پاکستانی خواتین کی شاندار کامیابیاں ہمارے لیے حوصلہ افزا ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی جبکہ میں خواتین کی محفوظ اور خوشحال زندگی کے لیے بھرپور اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین ہر شعبے میں قومی اور عالمی سطح پر پزیرائی بھی حاصل کر رہی ہیں جبکہ میرا یقین ہے کہ پائیدار سماجی، معاشی ترقی کا عمل خواتین کو برابری کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔

خواتین کو یقین دہانی کراتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔

مزیدخبریں