اگر مودی نے اب جنگ کی بات کی تو پاکستان کیا کریگا ؟

05:50 PM, 8 Mar, 2019

تھر پارکر:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت سے کہتے ہیں کہ امن کا ہاتھ بڑھایا تو تھام لیں گے، لیکن مودی سرکار نے جنگ کا مکہ دکھایا تو توڑ دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی نظر غربت مٹانے پر اور مودی کی الیکشن پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر پارکر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تھر پارکر کی عوام بھارتی وزیر اعظم کو واضح پیغام دے رہی ہے، سرحدی علاقے میں کھڑے ہو کر بتا رہے ہیں دیکھ لو ہم متحد ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ غربت اور جہالت کو ختم کریں گے۔ تحریک انصاف کے دور میں تھر میں مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے کہتے ہیں کہ تمہاری جارحیت کے باوجود ہم امن چاہتے ہیں، ہم نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو با عزت طور پر رہا کیا۔ بدلے میں بھارت نے ہمیں شاکر اللہ کی میت دی۔ اب بھی کہتے ہیں اگر جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، مودی کو کہتے ہیں میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کا بچہ بچہ بھی تیار ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایک ایک گاﺅں میں اس ملک کے محافظ پیدا ہوں گے، ہماری مائیں بیٹیاں بہنیں بھی پاکستان کا دفاع کریں گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کا فلسفہ سمجھانے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو بھارت پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہا تھا وہ خود تنہا ہو گیا، وزیر اعظم عمران خان کی نظر غربت مٹانے پر اور مودی کی الیکشن پر ہے۔ ہم غربت کے خاتمے کے لیے میدان میں ہیں اور جنگ میں ہماری جیت ہوگی۔ بھارت سے کہتے ہیں کہ امن کا ہاتھ بڑھایا تو تھام لیں گے، لیکن مودی سرکار نے جنگ کا مکہ دکھایا تو توڑ دیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج بھی تھر کے منتخب نمائندے پینے کے پانی کا مطالبہ کر رہے ہیں، ایک طرف اربوں روپے میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگائے جا رہے ہیں، دوسری طرف تھر کے لوگوں کو پانی تک میسر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود اردیت مانگ رہے ہیں، آج بھارتی عوام بھی کہتے ہیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیں۔ بھارت سے کہتا ہوں یہ 1971 نہیں نیا پاکستان ہے، آج پاکستان کی نظریں مغرب کی طرف تھیں تو تم نے مشرق پر جارحیت کی۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین نے اپنے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا، ہم بھی چین کی طرح پاکستان کے عوام کو غربت سے نکالیں گے۔ آج دنیا بھی عمران خان کی جانب دیکھ رہی ہے، عمران خان نے پاکستان سے غربت کے خاتمے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ تحریک انصاف پورے پاکستان کی جماعت ہے۔

مزیدخبریں