ممبئی:کنگ خان کی 'ڈان تھری کے ساتھ واپسی ، فلم زیرو کی عکسبندی کے بعد ڈان تھری کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں ، ہیروئن کون ہوگی یہ کشمکش جاری ہے۔
فلم ڈان ٹو جیسی سپر ہٹ فلم کو تیار کرنے کے تین سال بعد ڈائریکٹر فرحان اختر ایک بار پھر شاہ رخ خان کے ساتھ اس سیریز کی تیسری کڑی کے ساتھ لوٹ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم زیرو کی عکسبندی کے بعد شاہ رخ خان نئی فلم ڈان تھری کی تیاریاں شروع کرنے والے ہیں جس کی تصدیق معروف ہدایت کار رتیش سدھوانی اور فرحان اختر بھی کرچکے ہیں۔
اس فلم پر کچھ عرصے سے کام جاری ہے اور یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ فرحان اختر اور ان کی ٹیم نے سکرپٹ کے پچاس فیصد حصے پر کام مکمل کر لیا ہے۔
اس حوالے سے شاہ رخ خان نے 2013 میں چنائی ایکسپریس کی ریلیز کے بعد فرحان اختر اور رتیش سے کئی بار ملاقاتیں بھی کیں ، شاہ رخ اور فرحان اختر نے ڈان کی تیسری فلم کے لیے تفصیلات کو طے کر لیا ہے تاہم اب تک اس فلم کی مرکزی ہیروئین کے لیے کوئی نام طے نہیں ہو سکا ہے۔
خیال رہے کہ ڈان اور ڈان ٹو میں ہیروئین کا کردار پریانکا چوپڑا نے ادا کیا تھا۔