پشاور: کوہاٹ میں قتل ہونے والی میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کا قاتل ملزم مجاہد آفریدی شارجہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی گرفتار ی انٹرپول کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس کا کہناہے کہ مجاہد آفریدی عاصمہ رانی کو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیاتھاجس کی گرفتار ی انٹرپول کی مدد سے شارجہ میں عمل میں لائی گئی ہے۔واضح رہے کہ طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ یحییٰ آفریدی نے کی۔ درخواست گزار نے عاصمہ رانی قتل کیس کوہاٹ سے پشاور منتقل کرنے کی استدعا کی۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔ عاصمہ رانی قتل کیس: صوبائی حکومت کا اثر رسوخ نظر آیا تو ایکشن لیں گے، چیف جسٹس
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ عاصمہ رانی کے قاتل کا تعلق بااثر خاندان سے ہے ہم خود کو کوہاٹ میں محفوظ نہیں سمجھتے اس لیے ہمارا کیس پشاور منتقل کر دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کی استدعا پر عاصمہ رانی قتل کیس کوہاٹ سے پشاور منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ عاصمہ کا مبینہ قاتل تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب عالم کا بھتیجا ہے جس نے شادی سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کا قتل کیااور فرار ہو گیا،اس کیس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا تھا۔