ترکی کا امن قافلہ شام کے متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کرے گا

ترکی کا امن قافلہ شام کے متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کرے گا

انقرہ: ترکی سے روانہ ہونے والا ’وجدان قافلہ‘ آج شامی سرحد پر پہنچے گا، جہاں جنگ سے متاثرہ افراد میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ترکی سے روانہ ہونے والا ’وجدان قافلہ‘ آج شام کی سرحد پر ریحانلی میں پہنچے گا جس میں پاکستان کی چار ارکان قومی اسمبلی شکیلہ قمر، منزہ حسن، عائشہ سید اور ڈاکٹر فوزیہ بھی شریک ہیں۔

اس کاروان کا اہتمام ترکی کی غیر سرکاری تنظیم 'آئی ایچ ایچ' یعنی انسانی حق و حریت نے کیا ہے، اس میں دنیا کے 50 سے زائد ممالک اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک ہیں۔ وجدان کانوائے کا مقصد اقوام عالم کے ضمیر پر دستک دے کر انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ جہاں جہاں بھی جنگیں لڑی جارہی ہیں وہاں کی خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

قافلے کے شرکاء آج شام کی سرحد پر ریحانلی کے مقام پر شامی مہاجرین کے کیمپوں میں جا کر ان سے ملاقاتیں کریں گے اور ان میں امدادی سامان تقسیم کریں گے۔

قافلے میں موجود افغانستان، پاکستان، جنوبی افریقہ، چلی، مشرقی ترکستان، بوسنیا، فرانس، انگلینڈ، قطر، ملائیشیا کی 20 خواتین پر مشتمل وفد نے منگل کو ترک صدر طیب اردگان اور ان کی اہلیہ سے بھی ملاقات کی۔