سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹس جلد از جلد جمع کروائیں، جوازات

09:15 AM, 8 Mar, 2018

ریاض :سعودی عرب کے  محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے اعلی ٰ حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم غیرملکی اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹس ادارے میں جمع کروائیں ۔جوازات کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں ذیلی اداروں میں فنگر پرنٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

جوازات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اعداد وشمار کے مطابق ابھی تک متعدد غیرملکیوں نے اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹ جوازات کے سسٹم میں فیڈ نہیں کروائے ۔ایسے تارکین جنہو ں نے فنگر پرنٹس فیڈ نہیں کروائے ہیں انکا سسٹم بلاک کردیاجائے گا جس کے بعد اقاموں کی تجدید اور دیگر معاملات مکمل نہیں ہو سکیں گے ۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ متعدد بار انتباہ کے باوجود ایسے افراد ہیں جنہوںنے اپنے اور اہل خانہ کے فنگر پرنٹس اور دیگر معلومات جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں فیڈ نہیں کروائے ایسے تمام غیر ملکیوں کے سسٹم بلا ک کر دیئے گئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں :- سعودی عرب،موبائل فون میں بیلنس ڈلوانے کیلئے اقامہ نمبر کی شرط ختم

جوازات کی جانب سے فنگر پرنٹس اور دیگر معاملات کے بارے میں استفسار کیلئے ویب سائٹ پر معلومات مہیا کی گئی ہیں ۔ مملکت کے تمام شہروں میں جوازات کے ذیلی دفاتر کے بارے میں بھی اہم معلومات موجود ہیں جبکہ ذیلی دفاتر جو مختلف مالز میں قائم کئے گئے ہیں انکا ایڈریس بھی مہیا کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تارکین کی سہولت کیلئے جدہ سمیت دیگر شہروں میں شاپنگ مالز میں بھی ذیلی دفاتر قائم کئے گئے ہیں جہاں دن میں 2 اوقات مقرر کئے گئے ہیں ۔ صبح کے وقت صبح 9 سے دوپہر 2 اور شام کے 4 سے رات 8 بجے تک یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جوازات کے ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی استفسار یا شکایات کے بارے میں جوازات نے ای میل ایڈریس gdp.gov.sa@992 فراہم کیا ہے اس پر ای میل کرکے استفسارات ارسال کئے جاسکتے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں :- سعودی عرب میں غیرملکیوں کیلئے 100 ریال ماہانہ اقامہ تجدید فیس نافذ

جوازت کی ویب سائٹ کا ایڈریس www.gdp.gov.sa ہے جہاں تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں ۔ واضح رہے محکمہ پاسپورٹ نے مملکت میں مقیم تارکین وطن کے سرکاری معاملات نمٹانے کیلئے گزشتہ 3 برس سے ڈیجیٹل سروس شروع کی ہے جس کیلئے لازمی ہے کہ تارکین اپنے فنگر پرنٹس اور دیگر معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کروائیں ۔ فنگر پرنٹ کیلئے جوازات نے مرحلہ وار نظام مہیا کیا تھا ایسے تارکین جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں انکے بچو ں کے بھی فنگر پرنٹ جمع کروانا لازمی ہیں ۔ وہ بچے جن کی عمر 6برس یا اس سے زائد ہے انکے فنگر پرنٹ جمع کروانا لازمی ہیں ۔

مزیدخبریں