ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس، واجد ضیاء آج بیان ریکارڈ کروائیں گے

08:53 AM, 8 Mar, 2018

اسلام آباد: احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس کی سماعت ہو رہی ہے۔ جہاں پاناما کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس پر سماعت کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز مسترد

سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے تاہم طبیعت کی ناسازی کی بناء پر عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر کے انہیں حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی جبکہ جج محمد بشیر نے کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت میں ہی رکنے کا حکم دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے واجد ضیاء کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 اب غیر متعلقہ ہے۔ نواز شریف اور شریف خاندان کے خلاف اس کے علاوہ بھی کافی ثبوت موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات کے لیے کسی کا دباؤ قبول نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: مریم نواز آج فیصل آباد میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی

یاد رہے گزشتہ روز پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل 6 ماہ میں مکمل کرنا تھا جس کی مدت 13 مارچ کو مکمل ہو رہی تھی جس کے باعث عدالتی وقت میں ٹرائل مکمل کرنا ناممکن ہو گیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز میں 2 ماہ اور اسحاق ڈار کے خلاف 3 ماہ کی توسیع کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں