لاہور : تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنے پر سوشل میڈ یا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ،تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے بہت سی وضاحتیں پیش کرنے کی کوشش کی تاہم لوگوں نے اس بیان کو زیادہ پسند نہیں کیا ،یہی وجہ ہے کہ معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے سوشل میڈ یا پر اس بیان کے حوالے سے وضاحت پیش کرنے کی کوشش کی تو لوگوں نے انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنا یا ۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی نے ایک ویڈ یو پیغام جاری کیا اور کہا کہ میں تحریک انصا ف کا کارکن نہیں ہوں لیکن یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ عمران خان کے بیان پر سو بار اختلاف کریں لیکن عمران خان کی سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن کے ساتھ نجی محفل میں بیٹھے ہوئے تھے اور وہاں معمول کی گفتگو ہو رہی تھی ۔اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کا پی ایس ایل کے بارے میں کیا خیال ہے تو انہوں نے آف دی کیمرہ اپنے خیالات کا اظہار کیا ،اسی گفتگو کے دوران عمران خان نے پھٹیچر کا لفظ بھی استعمال کیا ۔
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ایک صحافی نے بہت کی گھٹیا حرکت کی کہ موبائل فون پر کلپ بنا کر سوشل میڈ یا پر ڈال دیا ،سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن نے اس بات پر معافی مانگی اور صحافی کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ کے بندوں آپ کبھی اپنی نجی محافل میں اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کرتے ؟،اگر عمران خان نے نجی محفل میں ایسے الفاظ استعمال کیے تو کون سا اتنا طوفان آگیا ۔