اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا،دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے مگر دہشتگردی کے خلاف کوششوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستا ن سے تعاون کیا ہے اور گزشتہ30 برس سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے،وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے مگر دہشتگردی کے خلاف کوششوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔