لاہور :پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کیون پیٹرسن نے انڈین پریمئر لیگ(آئی پی ایل ) میں شرکت سے انکار کر دیا ہے ۔
کیون پیٹرسن نے آئی پی ایل پر نیٹ ویسٹ ٹی 20 ٹورنامنٹ کو فوقیت دی ہے جو رواں برس ہی شیڈول ہے اور انگلش کاﺅنٹی کلب سرے کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ 36 سالہ بلے باز 19 جولائی کو ایسکس کے خلاف پہلا میچ کھیلیں گے اور اس کے بعد معاہدے کے تحت وہ ٹورنامنٹ کے بقیہ تمام میچوں کیلئے کلب کو دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ کیون پیٹرسن نے 2010ءمیں سرے کلب جوائن کیا تھا اور 2015ءمیں آخری بار کلب کی نمائندگی کی تھی۔ کیون پیٹرسن 5 بار آئی پی ایل کھیل چکے ہیں، انہوں نے 2009ءاور 2010ءمیں وجے مالیا کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد 2011-12 اور 2014ءمیں دہلی ڈئیرڈیولز کی نمائندگی کی۔ 2015ءمیں سن رائزرز حیدر آباد نے ان کی خدمات حاصل کر لیں جبکہ 2016ءمیں وہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی ٹیم کا حصہ بن گئے تھے.