لاہور: پنجاب اسمبلی میں حکومتی بنچ 9 مئی کی کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہو گیا، سانحہ9مئی2023 کے کرداروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی گئی۔
سانحہ9مئی2023 کے کرداروں کو فوری قرار اور واقعی سزا دلانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی، قرار داد پنجاب اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے جمع کروائی ہے، 9مئی کے ماسٹر مائنڈ،منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور منفی پراپیگنڈہ کرنیوالے کسی رعائیت کے مستحق نہیں، 9مئی کا دن المناک، افسوسناک،دلخراش، نا قابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے۔ریاست،ملکی سلامتی،اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے اور عوام اور اداروں میں تصادم کرانے والوں کوسزا ملنی چاہیے، جناح ہاؤس اور دیگر شہروں میں تباہی پھیلانے والوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
شعیب صدیقی نے قرارداد میں کہا کہ قوم ملکی سلامتی، معیشت کی ترقی اور اداروں کے تقدس کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پنجاب اسمبلی کا ایوان دعا گو ہے کہ آئندہ کبھی بھی 9مئی 2023جیسا سانحہ رونما نہ ہو۔
قرار داد میں 9مئی کو تباہی پھیلانے کیلئے مخصوص ذہن سازی او ر شر پسندوں کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا۔