گیانا: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چودہویں میچ میں افغانستان نے ایک اور اپ سیٹ دے دیا، 160 رنز کے دفاع میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 75 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔
افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔افغانستان کی طرف سے ابراہیم زردان نے41 بالز پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللّٰہ گرباز 56 بالز پر 80 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2 ، 2 وکٹیں لیں جبکہ فرگوسن ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کیویز کو افغان باؤلرز نے سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا، دوسری اننگز کی پہلی ہی بال پر اوپنر فن ایلن کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے، گلین فلپس 18 اور میٹ ہینری 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا۔
کیویز کھلاڑی 160 کے جواب میں صرف 75 رنز ہی بنا پائے اور یوں نیوزی لینڈ کو افغانستان کے ہاتھوں 84 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4، فضل حق فاروقی نے بھی 4 اور محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔