نیویارک: اقوام متحدہ نے اسرائیلی فوج کو بچوں کیخلاف جرائم کے مرتکب مجرموں کی فہرست میں شامل کر دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان نے جمعہ کو تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج کو بچوں کے خلاف خلاف ورزیوں کے مرتکب مجرموں کی عالمی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیل کو بتایا گیا تھا کہ اسے مسلح تصادم میں بچوں کے بارے میں سیکرٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ میں فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے، جو اگلے جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجی جائے گی۔
عالمی میڈیا ذرائع کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورسز (IDF) کے ساتھ حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مستقل مندوب جیلاد ایرڈن نے اس فیصلے کو ’شرمناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے خلاف جرائم کے مرتکب مجرموں کی عالمی فہرست بچوں اور مسلح تنازعات پر ایک رپورٹ کا حصہ ہے جو 14 جون کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی۔