امریکا کو قونصلر رسائی کی اجازت کے بعد خدیجہ شاہ کو عدالت سے بڑا ریلیف، ضمانت پر رہائی ایک درخواست کی دوری پر 

امریکا کو قونصلر رسائی کی اجازت کے بعد خدیجہ شاہ کو عدالت سے بڑا ریلیف، ضمانت پر رہائی ایک درخواست کی دوری پر 
سورس: File

لاہور : حکومت کی طرف سے امریکا کو ڈیزائنر خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی کی اجازت دینے کے بعد  پی ٹی آئی کارکن کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا ۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور اب خدیجہ شاہ ضمانت کی درخواست دے سکتی ہیں۔  

پولیس نے آج خدیجہ شاہ ، صنم جاوید اور طیبہ راجہ کو  جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت پیش کیا ۔فاضل جج نے خواتین پی ٹی آئی کارکنوں سے پوچھا کہ آپ سے ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں  جس پر ملزم خواتین نے جواب دیا کہ ہم سے ڈنڈے برآمد نہیں ہوئے  اور ہمارے پاس ڈنڈے نہیں تھے۔ 

جس کے بعد عدالت نے خواتین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم  دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔

دوسری طرف وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے دوہری شہریت کی حامل فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی کی درخواست دی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق امریکا کی یہ درخواست وزارتِ داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے اور اس بارے میں جو بھی فیصلہ ہوگا امریکی حکام کو آگاہ کردیا جائے گا۔

پاکستان اور امریکا کی شہریت رکھنے والی فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو نو مئی کے پُرتشدد واقعات کے بعد پولیس نے حراست میں لیا تھا۔

مصنف کے بارے میں