اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل میں چاروں صوبوں نے توانائی کی بچت کے لیے بازار ساڑھے 8 بجے بند کرنے پر اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں اہم مشاورت مکمل کر لی گئی۔ چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز مان لی۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرا ئے اعلیٰ نے دودن کی مہلت مانگ لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق مشکل فیصلے حالات کے مطابق ضروری تھے۔ ان شاءاللہ ہم اس دور سے گزریں گے۔ حکومت نے اس بوجھ کو بانٹنے کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے تمام سیاسی قوتیں میثاق معیشت پرمتفق ہوں۔ میثاق معیشت کے تحت پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنانا ہوگا۔ پاکستان کی معاشی مضبوطی سیاسی استحکام سے وابستہ ہے۔