اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو الیکشن جتوانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بیرونی سازش کے تحت کرپٹ لوگوں کو مسلط کیا گیا ۔الیکشن کمیشن پر کسی کو اعتماد نہیں ۔
تحریک انصاف کے نیشنل کونسل اجلاس کے بعد خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کے جانے سے ہمارے دور میں شروع کیے گئے 10 ڈیموں پر کام رک جائے گا۔ ہم نے ساڑھے تین سال میں 55 روپے پٹرول اور 50 روپے ڈیزل مہنگا کیا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے تین سال دیکھیں اور ان کے دو ماہ دیکھیں مہنگائی کتنی زیادہ ہے۔ ہم نے 4 روپے پٹرول مہنگا کیا تو بلاول بھٹو نے مہنگائی مارچ کیا تھا اب خاموش ہے۔ جب ہم مہنگائی میں تھے تو یہ مہنگائی کا رونا روتے تھے اب تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ہم ملکی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے چند دن میں لانگ مارچ کی تاریخ دینے والا ہوں۔ ہم سپریم کورٹ میں گئے ہوئے ہیں جیسے ہی کلیئر ہوتے ہیں تاریخ دے دوں گا۔