سیکورٹی پر سوالیہ نشان؟ نامعلوم شخص وزیراعظم آزاد کشمیر کے کمرے تک پہنچ گیا

01:56 PM, 8 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم ہاؤس میں سیکورٹی کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نامعلوم شخص وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے کمرے تک پہنچ گیا تاہم نامعلوم شخص نے وزیر اعظم کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا اور فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شب دو بجے پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص وزیراعظم ہاؤس کی سیکورٹی کے باوجود سردار تنویر الیاس کے کمرے تک پہنچ گیا اور پھر فرار ہو گیا۔  اس واقعہ  کے بعد وزیر اعظم نے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، ڈی آئی جی چوہدری لیاقت اور ڈی آئی جی یاسین  قریشی کو معطل  کردیا۔

فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ  اس شخص کے کیا عزائم تھے اور وہ وزیر اعظم ہاؤس میں کیسے داخل ہوا؟ وزیر اعظم ہاؤس میں داخل ہونے کے لیے دو بڑے گیٹ اور ان کے ساتھ دو واک تھرو  گیٹس ہیں اور  ان دونوں گیٹس پر  24 گھنٹے پولیس موجود رہتی ہے۔ اس قدر سخت سکیورٹی کی موجودگی میں کوئی نا معلوم شخص کیسے وزیر اعظم ہاؤس میں  داخل ہوا اور داخل ہونے کے بعد وہ کیسے وزیر اعظم کے کمرے تک پہنچا اور پھر فرار ہوگیا تاحال معمہ حل نہ ہو سکا ہے۔

مزیدخبریں