تہران: ایران میں افسوسناک ٹرین حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرین ایران کے شہر مشہد سے یزد جارہی تھی جب پٹڑی سے اتر کر کرین سے جاٹکرائی، حادثے میں چار بوگیوں کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں 15 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ٹرین میں 300 سے زائد افراد سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں کا سلسسلہ شروع ہو گیا، 3 ہیلی کاپٹرز اور ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں تاہم دور دراز علاقے میں مواصلاتی نظام کمزور ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں 2004 میں بدترین ٹرین حادثہ پیش آیا تھا جب پٹرول، کھاد، سلفر اور کپاس سے لدی ایک ٹرین نیشاپور کے قریب گر کر تباہ ہوگئی،جس میں تقریباً 320 افراد جاں بحق اور 450 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔