آئین میں اٹھارویں ترمیم کے بعد پنجاب میں پہلی بار جامع ثقافتی پالیسی تیار کی گئی ہے۔ اس لحاظ سے پنجاب پہلا صوبہ ہے جو اپنے ساتھ دوسرے صوبوں، قومی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے۔ اس ثقافتی پالیسی کا اہم مقصد عوام میں علمی اور ادبی شعور اجاگر کرنا اورپنجاب اور سارے ملک کی قومی اور علاقائی ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کرنا ہے۔
پنجاب میں عوام کو زیادہ سے زیادہ تفریحی مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام تعمیراتی اور توسیعی منصوبے ماہ جون کے دوران ہر صورت مکمل کرنا ہوں گے۔ ان منصوبوں کیلئے جو فنڈز فراہم کیے گئے ہیں ان کو احتیاط کے ساتھ مقررہ وقت کے اندر استعمال کیا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام بھی ہر لحاظ سے معیاری ہونا چاہیے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت کے نئے سیکرٹری راجہ منصور احمد نے ایک اجلاس میں صوبے بھر میں اپنے شعبوں کے منصوبوں پر عمل درآمدکی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبے بروقت مکمل نہ ہوئے تو مخصوص کردہ فنڈز سوخت ہو سکتے ہیں۔ ان منصوبوں کی مناسب تشہیر بھی ہونی چاہیے تاکہ عوام ،سرکار کی کارکردگی سے آگاہ ہوسکے۔
پنجاب بھر میں جن تعمیراتی منصوبوں پر کام جاری ہے ان میں بہاولپور صادق میموریل پراجیکٹ اور بہاولپور میں آرٹس کونسل کے قیام پر کام ہو رہا ہے۔ ان میں ایک منصوبہ سابق والئی ریاست بہاولپور نواب صادق محمد عباسی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ بہاولپور میں موجودہ میوزیم کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اسے سیاحوں اور دیگر لوگوں کیلئے پر کشش بنایا جا سکے۔
راجہ منصور احمد ننکانہ میں تین سال تک ڈپٹی کمشنر رہ چکے ہیں اور وہ وسیع انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ محکمہ تعلقات عامہ میں ڈائریکٹر جنرل تعینات کئے گئے ہیں۔ اس محکمے میںوہ پہلے افسر
ہیں جو ڈپٹی کمشنر رہے ہیں ۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے ان کے تقرر کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کی زیر نگرانی میڈیا لسٹ میں شامل صوبے بھر کے اخبارات کو اشتہارات کی مناسب اور منصفانہ تقسیم ہونے لگی ہے۔ اس سے پہلے بعض اخبارات کو شکایات تھیں کہ انہیں اشتہارات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کی وجہ سے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور فیصلوں کی اچھی اور بہتر تشہیر ہونے لگی ہے۔ علاوہ ازیں راجہ صاحب سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ وہ نہایت فعال، دیانت دار افسر ہیں جو دونوں عہدوں پر بطریق احسن خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پنجاب کے مختلف ڈویژن صدر مقامات اور بعض اضلاع میں نئی آرٹس کونسلیں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ ملتان ، راولپنڈی اور کئی دیگر علاقوں کی آرٹس کونسلوں کی تعمیر نو کا کام ہو رہا ہے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام قذافی سٹیڈیم میں الحمراء کلچرل کمپلیکس قائم کیا گیا ہے جہاں عوام کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کیلئے ثقافتی پروگرام اور ڈرامے پیش کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ الحمراء آرٹ میوزیم بھی ہے جس میں اوپن ایئر کے شعبے اور نوجوانوں کو فنون لطیفہ کی تربیت دینے کیلئے کلاس رومز بنائے گئے ہیں۔
راجہ منصور احمد نے ذمہ دار افسروں کو مزید ہدایت کی کہ زیر تعمیر ایڈمن بلاک کے تعمیراتی کام کو دوبارہ شروع کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ الحمراء ثقافتی کمپلیکس میں مختلف قسم کے ادبی و ثقافتی پروگرام مسلسل منعقد کئے جا ئیں تاکہ لوگوں کو تفریح کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں۔ راجہ منصور احمد کی خواہش ہے کہ ثقافتی پروگراموں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید ہونے کے زیادہ اور اچھے مواقع فراہم ہونے چاہئیں۔
الحمراء آرٹس کونسل اپنے دونوں مقامات مال روڈ اور قذافی سٹیڈیم کے ذریعے فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی کیلئے اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ مال روڈ پر ایک الحمراء حسین و خوبصورت محل وقوع پر واقع ہے تو دوسری طرف الحمراء ثقافتی کمپلیکس اپنے ارد و گرد مثالی خوبصورتی کا حامل ہے اوردونوں بین الاقوامی جگہ پر بنے ہوئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم کے کلچرل کمپلیکس میں بڑی باقاعدگی سے ادبی اور ثقافتی پروگرام تسلسل کے ساتھ پیش کئے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات وثقافت کے زیر سرپرستی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء اور دونوں ڈپٹی ڈائریکٹر آفتاب احمد انصاری اور نویدالحسن بخاری ثقافتی پروگراموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ثقافت اور اس سے منسلک اداروں کے تحفظ کے لیے تاریخ میںپہلی بار ثقافتی پالیسی وضع کی گئی ہے۔ ثقافتی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں فن و ثقافت کی ترقی و ترویج کیلئے ثقافتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فنون لطیفہ کے ذریعے صوبہ میں رواداری اور قیام امن کا فروغ ممکن ہو سکتا ہے۔ صوبہ بھر میں منعقدہ ثقافتی سرگرمیوں میں مختلف شعبہ جات سے متعلق افراد خصوصاً نوجوانوں کی یقینی شرکت سے تخلیقی و ثقافتی صنعت کی ترقی کیلئے سازگار ماحول مہیا ہوگا۔
ثقافتی سرگرمیوں اور ادب کی ترویج سے منسلک اداروں کی بدولت ہی ہماری ثقافت کی بقا ہے۔ ثقافت کے فروغ کے لیے مصروف عمل ثقافتی تنظیمیں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔بلاشبہ پنجاب کی زمین ادبی اور ثقافتی لحاظ سے بے حد زرخیز ہے۔ پنجاب کی دھرتی جتنی خوبصورت ہے اتنی ہی خوبصورت ثقافت ہے۔ پنجاب میں ہر علاقے کا ایک اپنا کلچر اور روایات ہیں جو اس علاقے کے طرزتمدن کی عکاسی کرتا ہے۔یہاں کی ثقافت اپنے اندر وسعت رکھتی ہے جو قدیم اور جدید کا بہترین امتزاج ہے۔ ثقافت سلامت رہے تو قومیں مضبوط رہتی ہیں۔
ادب وثقافت کے فروغ میں پنجاب سب سے آگے
09:27 AM, 8 Jun, 2022