دنیا کے امیر ترین افراد بھی ٹیکس نادہندہ نکلے ہیں۔امریکی ادارے انٹرنل ریونیو سروس (آئی آر ایس) کی خفیہ رپورٹ سامنے آگئی ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امیر ترین امریکیوں کی بڑی تعداد نے کئی سال تک فیڈرل انکم ٹیکس سرے سے ادا ہی نہیں کیا۔
یہ رپورٹ مقامی تحقیقاتی ویب سائٹ میں شائع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور ایلون مسک سمیت کئی ارب پتی افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیف بیزوس نے 2007 اور 2011 میں کوئی ٹیکس نہیں ادا کیا۔
خیال رہے کہ 2007 میں جیف بیزوس دنیا کے 188 ویں جبکہ 2011 میں 30 ویں ارب پتی شخص تھے۔
اس کے علاوہ رواں سال دنیا کے دوسرے امیر شخص ایلون مسک کا نام بھی ٹیکس نا دینے والوں کی فہرست میں آیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 میں کوئی ٹیکس نہیں ادا کیا۔
رپورٹ میں کئی ارب پتی امریکیوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں جنہوں نے مختلف سالوں میں کوئی فیڈرل انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 25 امیر ترین امریکی اپنی آمدنی کے مقابلے میں کہیں کم ٹیکس دیتے ہیں۔
دوسری جانب آئی آر ایس کمشنر نے ڈیٹا لیک ہونے پر تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔