پاکستان کسی بھی ملک کو اپنا کوئی فضائی اڈہ نہیں دے سکتا، فواد چودھری

10:20 PM, 8 Jun, 2021

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے پاکستان میں امریکا کے کسی بھی فوجی ائیربیس کی موجودگی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی تمام سہولیات پاکستان کے اپنے زیر استعمال ہیں اور پاکستان کسی بھی ملک کو اپنا کوئی فضائی اڈہ نہیں دے سکتا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ فواد چودھری نے کہا کہ کینیڈا میں ہونے والا واقعہ وزیراعظم عمران خان کے تحفظات کا ثبوت ہے کہ مغرب میں اسلام کی مخالفت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کابینہ نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ اسلام کی مخالفت کے بنیادی سبب کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں شہید ہونے والوں اور کینیڈا میں قتل کیئے جانے والے پاکستانی خاندان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تحت مبشر حسین کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کا منیجنگ ڈائریکٹر جبکہ طارق ملک کو دوبارہ چیئرمین نادرا تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا ہم حزب اختلاف سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں تاہم بدعنوان عناصر کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

فواد چودھری نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے عدالت میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ انھیں ووٹ کا بنیادی حق دینا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہمیں اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے جواب کا انتظار ہے تاکہ قانون سازی عمل مکمل کیا جا سکے۔

مزیدخبریں