ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ابوظہبی میں میچز کے دوران اوس کا عمل دخل ہو گا البتہ گرم موسم سے اتنا فرق نہیں پڑے گا کیونکہ رات کے وقت سمندری ہوائیں چلنے سے موسم بہتر ہو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ سب سے بڑا چیلنج تاخیر سے میچز کا ہونا ہے کیونکہ رات کو ہونے والے میچز میں اوس کا عمل دخل ہو گا تاہم جہاں تک گرم موسم کی بات ہے تو اس سے اتنا فرق نہیں پڑے گا کیونکہ سمندری ہوائیں چلنے سے موسم بہتر ہو جاتا ہے، ہم نے جو ٹریننگ سیشنز کئے، وہ اچھے رہے ہیں۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا آغاز کل سے ابوظہبی میں ہو رہا ہے جہاں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پہلے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں، سب سے اچھی خبر یہ ہے کہ راشد خان لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، ان کی موجودگی کا ہمیں فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہما را کمبی نیشن اچھا بنا ہوا تھا لیکن پی ایس ایل کے میچز التوا کا شکار ہونے کے بعداب جب دوبارہ شروع ہو رہے ہیں تو ہمارے کمبی نیشن میں فرق آیا ہے، ابوظہبی کی وکٹیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی طرح ہی ہیں، اس لئے کھلاڑیوں کو مشکل نہیں ہو گی۔
عاقب جاوید نے مزید کہا کہ آئیسولیشن کے دوران خاصی مشکلات رہی ہیں اور لاہور میں زیادہ مشکل ہوئی کیونکہ لاہور میں ہوٹل کی بالکونیز نہ ہونے سے تازہ ہوا نہیں ملتی تھی البتہ ابوظہبی میں معاملہ کافی بہتر رہا ہے، آئیسولیشن سے باہر نکل کر سخت گرم موسم کا سامنا سب سے بڑا چیلنج ہے کیونکہ ابوظہبی کے گرم موسم میں فٹنس کو برقرار رکھنا بہت مشکل کام ہے۔
ابوظہبی میں میچز کے دوران اوس کا عمل دخل ہو گا: عاقب جاوید
09:00 PM, 8 Jun, 2021