پشاور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے کنٹرولر نے 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحان کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹرولر پشاور تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان کے شیڈول کے مطابق امتحانات 10جولائی سے شروع ہوں گے جبکہ نویں اور گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز 27 جولائی سے ہو گا۔
کنٹرولر بورڈ کے مطابق دسویں اور بارہویں کے امتحانات کے ابتدائی روز جماعت دہم کا فزکس کا پرچہ ہو گا اور بارہویں جماعت کا سائیکالوجی اور اسلامیات کا پرچہ ہو گا جبکہ دسویں اور بارہویں جماعت کے پرچے 19 جولائی تک جاری ہیں گے اور اس دوران ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات 10 جولائی کے بعد لینے کا فیصلہ کیا تھا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 10ویں اور 12ویں کے بعد دیگر جماعتوں کے امتحانات لئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 اور 10ویں جماعت کا امتحان منتخب مضامین اور ریاضی میں ہو گا جبکہ 11ویں اور 12ویں کے امتحانات منتخب مضامین میں لئے جائیں گے اور یہ اقدام صرف اور صرف طلبا کی آسانی کیلئے اٹھایا گیا ہے۔