شاہی خاندان نے اداروں کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا، فردوس عاشق اعوان

05:23 PM, 8 Jun, 2021

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان نے اداروں کو سیاست زدہ کیا اور معاملات کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے اور پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں۔ ماضی میں پنجاب کی عوام کو سہولیات سے محروم رکھا گیا تھا اور اداروں کو شاہی خاندان نے سیاست زدہ کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شاہی خاندان نے اداروں اور معاملات کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا اور جب بارش ہوتی تو لمبے بوٹ پہن کر ان کی شوٹنگ شروع ہو جاتی تھی۔ واسا سمیت دیگر اداروں میں من پسند افراد کو بھرتی کیا گیا۔ ن لیگ کے طاقتور لوگوں کے گھروں میں مفت پانی جاتا تھا اور طاقتور پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا جس کے باعث پانی چوری بہت تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو واسا کی آمدن 25 کروڑ تھی جبکہ آج واسا کی آمدنی بڑھ کر 60 کروڑ تک جا چکی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے بجٹ پر اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ بجٹ بحث میں حمزہ شہباز اپوزیشن کی جانب سے بحث کا آغاز کریں گے ۔ بجٹ تجاویز کے لیے اپوزیشن لیڈر کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

گزشتہ روز حمزہ شہباز نے کسان رہنماوں سے ملاقاتیں کیں وہ تاجروں ، خواتین تنظیموں کے نمائندوں سمیت دیگر سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ ملاقاتوں کا مقصد ان طبقات کی آواز پنجاب اسمبلی کے فلور پر اٹھانا ہے ۔

مزیدخبریں