اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) برائے تدارک کورونا نے امریکی کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین سے متعلق اپنی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد فائزر ویکسین لگواسکتے ہیں جبکہ حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی مائیں، دل، گردے اور جگر کے امراض میں مبتلا افراد کو بھی فائزر ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق قوت مدافعت میں کمی کے حامل افراد بھی فائزر ویکسین لگواسکتے ہیں تاہم شدید الرجی اور بخار میں مبتلا افراد کو فائزر ویکسین نہیں لگائی جائے گی جبکہ اس ویکسین کو روشنی سے بھی بچایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاق نے فائزر ویکسین کی صوبوں اور وفاقی اکائیوں کو فراہمی شروع کر دی ہے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق پاکستان کو فائزر ویکسین کی ایک لاکھ 6 ہزارخوراکیں ملی ہیں اور پورے ملک میں فائزر ویکسین کی 51 ہزار خوراکیں تقسیم کی جا رہی ہیں جس میں سے پنجاب کو 26 ہزار ، سندھ کو 12 ہزار، کے پی 8 ہزار اور بلوچستان کو ویکسین کی 2 ہزار خوراکیں ملیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک ایک ہزار خوراکیں ملیں گی جبکہ فائزر ویکسین پورے ملک کے 15 شہروں میں لگائی جائے گی کیونکہ پاکستان کے 15 شہروں میں ہی الٹرا کولڈ چین ریفریجریٹر موجود ہیں۔
این سی او سی نے فائزر کورونا ویکسین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں
05:13 PM, 8 Jun, 2021