اونٹاریو: کینیڈا میں اسلام دشمنی کا افسوسناک واقعہ ، اونٹاریو میں حملہ آور نےپاکستانی مسلمان خاندان کو ٹرک تلے کچل دیا ، 4 افراد جاں بحق ، ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ماں ، بیٹا ، بہو اور پوتی شامل ہیں ۔ مسلمان خاندان کو ان کے مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
اس موقع پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا میں اسلامو فوبیا کےلیے کوئی جگہ نہیں ، لندن سمیت ملک بھر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر فورمز پر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جان بوجھ کر اسلامو فوبیا کو ہوا دی گئی ۔ نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ بھی اسی کا نتیجہ ہے ۔
اپریل میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے پوری دنیا کے مسلم ممبران پارلیمنٹس کو خطوط ارسال کیے تھے ۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے پوری دنیا کے مسلم ممبران پارلیمنٹس کو خطوط ارسال کردیئے ۔
خطوط کے متن کے مطابق اسلامو فوبیا کے حالیہ واقعات کے حوالے سے دنیا کے 100 سے زائد مسلم ممبران پارلیمنٹس کو خطوط کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے ، اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عالمی سطح پر مسلمانوں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے ۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ ان واقعات کا رونما ہونا انتہائی بدقسمتی ہے، موجودہ آزمائشی اوقات میں جب انسانیت مہلک کورونا وبائی بیماری سے نبردآزما ہے، ایسے اوقات میں اسلامو فوبیا کی صورت میں نفرت انگیز جذبات کو بھی طاعون کی طرح پھیلا جا رہا ہے۔ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین اور دین اسلام کو بدنام کرنے کا مسلسل رجحان ، سوشل میڈیا کے ذریعے مسلمانوں کے ذاتی اعتقادات پر حملے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے خطوط میں کہا کہ عالمی رہنمائوں کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی کے لبادے میں اس طرح کے نفرت انگیز سلوک کے صریح دفاع نے عدم اعتماد اور تقسیم کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہذیبوں کے مابین غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے، انتہا پسندی اور تشدد کے جذبات کو بھی بڑھاوا دیا جا رہا ہے، چارلی ہیبڈو والے معاملہ کے نتیجے میں اس تباہی میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔