گھوٹکی: گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد63ہوگئی ہے۔100 سے زائد مسافر زخمی ہیں۔امدادی کارروائیوں 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود جاری ہیں۔ترجمان ریلوے کاکہناہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔
نیو نیوز کے مطابق حادثے کی جگہ سے ابھی تک بوگیوں کو نہیں ہٹایا جا سکا تاہم ٹریک کلیئر ہوگیا ہے ۔ڈی ایس ریلوے سکھر کاکہنا ہے کہ اپ اینڈ ڈاؤن ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔
دوسری طرف کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی دوطرفہ ٹرین شالیمار ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا۔ کراچی سے پشاور براستہ لاہور چلنے والی عوام ایکسپریس اور کراچی سے حویلیاں کے درمیان چلنے والی ہزارہ ایکسپریس کو بھی منسوخ کردیا گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی اور ملتان کے درمیان چلنے والی بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کنفرم ٹکٹ رکھنے والوں کو 100 فیصد ری فنڈ ادا کیا جائیگا۔
حکام کے مطابق جن مسافروں نے ریزرویشن آفس سے ٹکٹ کروایا ہے وہ ریزرویشن آفس جاکر ری فنڈ لے سکیں گے۔آن لائن بکنگ کروانے والے آن لائن ایپ پر ہی ٹکٹ کینسل کروا کر وہیں سے ری فنڈ لیں سکیں گے۔