واشنگٹن: امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے 2003 کے بعد پہلی بار دماغی مرض الزائمر کی دوا (aducanumab) کے استعمال کی منظوری دے دی۔
الزائمرایک ایسا لاعلاج دماغی مرض ہے جس میں مبتلا افراد کی یاداشت متاثر ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد الزائمر میں مبتلا ہیں جسے لاعلاج سمجھا جاتا ہے۔
الزائمرڈیزیز انٹرنیشنل کے مطابق ہر 3سیکنڈ میں الزائمر/ ڈیمنشیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الزائمر کے ابتدائی مراحل میں استعمال ہونے والی آزمائشی دوا کی آج منظوری دی گئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں بھی اس کے استعمال کی راہ ہموار ہوگی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن نے 2003 کے بعد سے اب تک الزائمر کے علاج کیلئے کسی دوا کی منظوری نہیں دی۔
ایف ڈی اے کے مطابق اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ دوا سے الزائمر کے مریضوں کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا اور مستقبل میں بھی بہتر نتائج کی امید ہے۔