شہزادہ اینڈریو کو حوالے کیا جائے، امریکا کا برطانیہ سے مطالبہ

10:38 PM, 8 Jun, 2020

واشنگٹں: امریکا نے شاہی ذمہ داریوں سے ہٹائے جانے والے برطانوی شہزادے پرنس اینڈریو کو حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔گزشتہ سال ہی ملکہ برطانیہ نے پرنس اینڈریو کو کمسن لڑکی سے جنسی تعلقات کے الزامات کا سامنا کرنے والے جیفری ایپسٹین سے دوستی پر شاہی ذمہ داریوں سے برخاست کیا تھا۔

اب امریکا نے جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے باعث برطانیہ سے پرنس اینڈریو کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف نے امریکی شہر مین ہیٹن کے اٹارنی جنرل کی جانب سے درخواست برطانوی ہوم ڈپارٹمنٹ کو بھجوائی ہے جس میں ان سے تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تحقیقات میں پرنس اینڈریو سے بچوں سے زیادتی کے ملزم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے متعلق سوالات کیے جانے کا امکان ہے تاہم اٹارنی جنرل آفس نے اس پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے۔

پرنس اینڈریو کی قانونی ٹیم نے امریکی درخواست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے جب کہ شاہی خاندان یا برطانوی ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

خیال رہے کہ ارب پتی امریکی جیفری اپیسٹین کو 2019 میں پولیس نے درجنوں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے، بلیک میل کرنے اور جنسی غلام بنانے کے الزام پر گرفتار کیا تھا اور انہوں نے مقدمے کے دوران ہی جیل میں خودکشی کرلی تھی جس کے بعد مقدمہ بھی ختم کردیا گیا تھا۔

اس اسکینڈل میں شہزادہ اینڈریو کا بھی نام سامنے آیا تھا اور ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ جیفری کی جانب سے فراہم کی گئی کم عمر لڑکیوں سے جسمانی تعلقات استوار کیے تھے۔

مزیدخبریں