اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں خطے کے امن اور سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آئرلینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سیمن کووینی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات، کورونا صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔
آئرش وزیر خارجہ نے قرضوں میں ریلیف کی تجویز کو سراہا جبکہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا جبکہ باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آئرش وزیر خارجہ سیمن کووینی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ویکسین بننے کے بعد ترقی یافتہ اورترقی پذیر ممالک کے لیے بھی ہونی چاہیے، سکیورٹی کونسل اصلاحات پر آئرلینڈ اور پاکستان کی سوچ میں مماثلت پائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آئرلینڈ کا نکتہ نظر واضح ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ڈبل لاک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں کریک ڈاؤن کے نام پر آپریشنز میں تیزی لا رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حدود تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ سکیورٹی کونسل سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں خطے کے امن اور سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران بھارت میں اسلامو فوبیا اور کورونا وائرس کی وباء کے دوران مسلمانوں پر تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔