اتحادیوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنیکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، عثمان بزدار

06:21 PM, 8 Jun, 2020

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی و مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی و کورونا صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کے حوالے سے بات چیت کی گئی جب کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پراتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط ترہوگا، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، اس کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کھوکھلے نعرے نہیں بلکہ عملی اقدامات چاہتے ہیں اور پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں اور ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ کی حکمرانی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارصوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور ہم مل کرعوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔

مزیدخبریں