راولپنڈی :شمالی وزیرستان کے علاقے خرکمر میں بارودی سرنگ کا دھماکے میں تین افسران سمیت 4 فوجی اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک پر نصب تھا، گشت پر مامور فوجی گاڑی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں چار جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ، کیپٹن عارف اللہ اور حوالدار ظہیر شامل ہیں۔شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے جبکہ لانس نائک حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چند روز قبل اس علاقے میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا جبکہ گزشتہ ایک ماہ میں اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار شہید، 35 زخمی ہو چکے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مزمت کی ہے۔
ٹوئٹر سے جاری پیغام میں وزیراعظم نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
وزیر اعظم نے وزیرستان میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند دشمن عناصر قبائلی علاقوں کے غیور عوام کو ورغلا رہے ہیں مگر ریاست ان عناصر کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہی دے سکتی۔