لاہور :مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نااہل، ناتجربہ کار، نا سمجھ اور غیر سنجیدہ حکومت ملکی سلامتی کے لئے شدید خطرہ بن گئی ۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نااہل، ناتجربہ کار، نا سمجھ اور غیر سنجیدہ حکومت ملکی سلامتی کے لئے شدید خطرہ بن گئی ، 10 ماہ کے دوران روپے کی قدر میں کمی کے باعث قرضوں کے بوجھ میں 3 کھرب سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور ہر پاکستانی کی گردن پر مزید 16 ہزار روپے کا قرض چڑھا دیا گیا ، ہر پاکستانی مزید 30 فیصد غریب ہو چکا ہے۔
عمران خان نیازی نے پاکستان کی معاشی خودمختاری کو سرنڈر کر دیا ہے، عوام کو ریلیف تو درکنار ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ، آئی ایم ایف پیکیج کی شرائط غریبوں کا ہی نہیں متوسط طبقے کا بھی حشر نشر کر دیں گی،حکومتی پالیسیوں سے ابھی تو مہنگائی کا عذاب شروع ہوا ہے، بجٹ کے بعد مہنگائی کی سونامی آئے گا۔
دس ماہ میں ڈیویلیویشن سے 3 کھرب سے زائد قرضوں کا بوجھ ڈالا جا چکا ہے، ہر پاکستانی کی گردن پر ڈیویلیویشن نے 16,000 روپے کا قرضہ چڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 ماہ میں ہر پاکستانی 30 فیصد غریب ہو چکا ہے، پاکستانی معیشت کی مالیت 315 ارب ڈالر سے گھٹ کر 260 ارب ڈالر رہ گئی، ایک کروڑ سے زائد لوگ 10 ماہ میں بیروزگار ہو چکے ہیں۔