اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے آذربائیجان کے سفیر علیزادہ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات دفاعی اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے آذربائیجان کے سفیر علیزادہ نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیاں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو بہت ہمیت دیتاہے اور پاکستان نے آذربائیجان کو اسکے قیام کے بعد فوری تسیلم کیا تھا اور پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور موثر کرنا چاہتا ہے۔ آذربائیجان کے سفیر علیزادہ نے اس موقع پر کہا کہ آذربائیجان بھی پاکستان سے مستحکم تعلقات کا خوہشمند ہے اور ہم کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوں۔
یاد رہے 23 اکتوبر 2015 کو حکومت نے ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر (این ایس اے) مقرر کیا تھا۔ اس سے پہلے یہ عہدہ سرتاج عزیز کے پاس تھا جو کہ خارجہ امور کے مشیر بھی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نئے قومی سلامتی کے مشیر کو مقرر کرنے کا مقصد نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کو فعال کرنا تھا۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ریٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈر سدرن کمانڈ (کوئٹہ) تعینات تھے۔
یہ بھی واضح رہے کہ جنرل جنجوعہ 2013 سے کوئٹہ میں کور کمانڈر تعینات تھے اور عمومی رائے ہے کہ ان کی تعیناتی کے دوران بلوچستان میں امن کا قیام کسی حد تک ممکن ہو سکا جبکہ انہوں نے ہی صوبے میں بیرونی مداخلت کم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر کے عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کو کنٹرول کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں