ٹیم کو کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، کامران اکمل

ٹیم کو کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، کامران اکمل

اسلام آباد: ایک انٹرویو میں قومی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ ٹیم کوکارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا ہو گا۔ قومی کو اس وقت اوپننگ بلے بازوں کی ضرورت ہے جو تیز آغاز فراہم کر سکیں۔ جدید کرکٹ میں ٹارگٹ دینے یا حاصل کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مخالف ٹیم پر تیز کھیل کر دباﺅ بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ ویسٹ انڈیز میں شمولیت کے لئے اپنی پرفارمنس سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔ قائداعظم ٹرافی 2016 اور پی ایس ایل ٹو میں کامیاب ترین بیٹسمین رہا جبکہ واپڈا کی جانب سے کھیلتے ہوئے 8 میچوں کی 13 اننگز میں 83.33 کی اوسط سے 1000رنز بنائے جن میں 5 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں اور زیادہ سے زیادہ انفرادی سکور 162 رنز رہا۔

کامران اکمل نے بتایا انگلینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے سکواڈ میں نام شامل نہ ہونے کا جب علم ہوا تو بہت تکلیف ہوئی۔ انگلینڈ آسٹریلیا میں میرا اسٹرئیک ریٹ اور کارکردگی کافی بہتر ہے۔ قومی ٹیم کو اس وقت اچھے اسٹرئیکر بلے باز کی ضرورت ہے جو تیز کھیل کر شاندار آغاز فراہم کر سکے کیونکہ ڈاٹ بال کھیلنے کی وجہ سے پریشر بڑھتا ہے جس کے بعد وکٹیں کھونا پڑتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا سلیکٹرز کو دیکھنا چاہیئے کہ ایک بلے باز لگاتار ڈومیسٹک میں کارکردگی دکھا رہا ہے تو اس کو ایک اننگ میں ناکام ہونے پر ٹیم سے باہر کر دیا جاتا ہے جبکہ گزشتہ تین سال سے ہر ڈومیسٹک سیزن میں میری پرفارمنس میری صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کامران اکمل نے کہا دورہ ویسٹ انڈیز میں وکٹیں بیٹنگ کے لئے سازگار نہ ہونے کے باعث تھوڑا مشکل پیش آئی تو سلیکٹرز نے چیمپیئنز ٹرافی کے لئے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تاہم قومی ٹیم میں شمولیت کے لئے بھرپور محنت جاری ہے اور دوبارہ ڈومیسٹک میں کارکردگی دکھا کر پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں