نواز شریف کے اشاروں پر جے آئی ٹی کیخلاف زہر اگلا جا رہا ہے، نعیم الحق

02:40 PM, 8 Jun, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی و دیگر رہنماﺅں کے بیان کے ردعمل کے طور پر اپنے جاری بیان میں کہا مسلم لیگ (ن) احتساب سے خوف زدہ ہیں اور جے آئی ٹی سمیت اعلی عدلیہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ پہلے نہال ہاشمی کے ذریعے جے آئی ٹی کے خلاف زہر اگلا گیا اور اب بھی جوڈیشل اکیڈمی سمیت کہیں بھی جے آئی ٹی اور عدلیہ پر الزام تلاشی اور مخالفت کا کوئی موقع نہیں جانے دیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ احتساب کا قتل چاہتے ہیں لیکن ہم جے آئی ٹی اور عدالت عظمیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں لہذا ہم ان کی ساری سازشیں ناکام بنا دیں گے۔

واضح رہے آج جوڈیشل اکیڈمی کے باہر پاناما کیس کی جے آئی ٹی پر مسلم لیگ ن کے رہنما آج بھی گرجتے برستے رہے۔ آصف کرمانی نے کہا کہ یہ جے آئی ٹی ہے یا جیمز بانڈ زیرو زیرو سیون کی سنسنی خیز فلم۔ جوڈیشل اکیڈمی میں ایمبولینس کیوں منگوائی گئی اور بلڈ پریشر کی جھوٹی خبر کیوں چلائی گئی۔

انہوں نے کہا حسین صاحب جب جوڈیشل اکیڈمی میں چلے جاتے ہیں تو ان کا کسی سے رابطہ نہیں ہوتا تو پھر ان کی تصویر کس طرح لیک کی گئی۔ حسین نواز کی تصویر ویٹنگ ایریا کی نہیں انٹیروگیشن روم کی ہے۔ آصف کرمانی نے کہا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا جو لوگ پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں وہ چلے ہوئے کارتوس ہیں۔

مسلم لیگی رہنما طارق فضل چودھری بھی پیچھے نہ رہے کہا کہ تصویر لیک ہونے پر ہمیں افسوس ہے ہم انصاف کیلئے آتے ہیں تصویر جاری کر کے ہماری تضحیک کی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اداروں میں ٹکراؤ یا محاذ آرائی کی باتیں من گھڑت ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں وزیراعظم نوازشریف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیئے۔

گزشتہ روز طلال چودھری نے کہا تھا ہم پہلے سے کہتے تھے جے آئی ٹی جانبدار ہے کیونکہ جے آئی ٹی تفتیش کا ادارہ ہے یا قصائی کی دکان۔ جو ایک تصویر نہ سنبھال سکے وہ انصاف کیا کریں گے۔ کہتے ہیں یہ کیس قانونی نہیں سیاسی ہے اور ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ جےآئی ٹی کی ابتک کی کارکردگی ایک تصویر ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں