اسلام آباد: قومی اسمبلی کے احاطے میں شیخ رشید احمد اور مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ دونوں ایک دوسرے کے دست و گریبان ہو گئے۔ ملک نور اعوان نے الزام لگایا کہ شیخ رشید نے ان کے 22 لاکھ روپے دینے ہیں جس کے مطالبے پر جھگڑا ہوا۔ ملک نور اعوان کے پاس اسمبلی میں داخلے کا انٹری پاس بھی موجود نہیں تھا۔
ایوان کے اندر وزیر داخلہ چودھری نثار کی شیخ رشید سے ملاقات کی۔ شیخ رشید کے مطالبہ پر پریزائڈنگ افسر نے جھگڑا کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سے جھگڑا کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسپیکر کی ہدایات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا شیخ رشید کا معاملہ انتہائی اہم ہے اس معاملے کی باقاعدہ کارروائی ہونی چاہیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو درخواست دے دی۔ مؤقف اختیار کیا ملک نور نامی شخص نے پارلیمنٹ میں حملہ کی کوشش کی اور جان بچا کر اسمبلی میں داخل ہوا۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔ شیخ رشید نے پیسے لینے کا الزام بے بنیاد قرار دیدیا۔
واضح رہے اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید اور مسلم لیگ ن کے سئنیئر رہنما جاوید لطیف کے درمیان پارلیمنٹ کے احاطے میں لڑائی ہو چکی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں