مستونگ آپریشن میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے، پاک فوج

مستونگ آپریشن میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے، پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دو خود کش حملہ آوروں سمیت 12 انتہائی خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران سمیت فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ 10 سے 15 کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر یکم جون سے 3 جون تک مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات اسپلنجئی، کوہ سیاہ، کوہ مروان میں تھیں اور ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے اور لشکر جھنگوی سے تھا جبکہ یہ تنظیمیں داعش کے ساتھ مواصلاتی رابطے میں تھیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ کالعدم تنظیمیں داعش کو بلوچستان میں قدم جمانے کے لیے سہولت فراہم کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالغفور حیدری پر حملہ کرنے والا دہشتگرد بھی اسی پناہ گاہ سے بھجوایا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن میں غاروں سے آئی ای ڈی بنانے کی سہولت، اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، جس میں 50 کلوگرام بارودی مواد،3 خودکش جیکٹس، 18 گرنیڈ اور 6 راکٹ لانچر شامل ہیں۔

پاک فوج نے بتایا کہ کامیاب آپریشن کے باعث داعش کا بلوچستان میں انفرااسٹرکچر قائم کرنے سے پہلے تباہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کامیاب آپریشن پر سدرن کمانڈ، خفیہ اداروں اور سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 3 جون کو سیکیورٹی حکام کے حوالے سے میڈیا میں یہ رپورٹس آئیں تھی کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک اہم انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران داعش کے اہم کمانڈرز کو ہلاک کر دیا گیا۔ یہ آپریشن کوئٹہ سے اغوا کیے جانے والے دو چینی باشندوں کی بازیابی کیلئے انتہائی خفیہ معلومات کے تحت کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی حکام کی جانب سے یہ دعوی بھی سامنے آیا تھا کہ آپریشن کے دوران چینی باشندوں کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی۔

گذشتہ ماہ مستونگ میں ہی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے تاہم ڈپٹی اسپیکر اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے کو مستونگ میں آغاز کیا جانے والا آپریشن انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا تاکہ آپریشن کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاعات لیک نہ ہوں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں