وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کیلئے قازقستان روانہ

11:51 AM, 8 Jun, 2017

اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کااجلاس آج قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزراء اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق دو روزہ اجلاس میں پاکستان کو تنظیم کا باقاعدہ رکن بنانے کی منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعظم کی مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے ہے۔

آج قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان سے ملاقات ہو گی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے ذریعے خطے میں اقتصادی ترقی کے ساتھ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سی پیک کا رابطہ نہ صرف وسط ایشیا بلکہ اس سے بھی آگے یورپ تک بڑھ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: 'آستانہ سمٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کو توسیع دینے کا اہم فیصلہ ہو گا'

گزشتہ روز وزیرا عظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، آئی ایس آئی چیف، وزیر داخلہ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے شرکت کی تھی۔

اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور، افغان سرحد اور ایل او سی کی صورتحال سمیت کلبھوشن کے معاملے پر بھی غور کیا گیا جبکہ قطر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔ اجلاس کے شرکاء نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا اور کہا پاکستان کے خلاف افغان سر زمین استعمال ہونے کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

افغان سر زمین کے استعمال کے نتیجے میں پاکستان کا بہت بڑا جانی نقصان ہو چکا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے افغان عوام کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود دہشتگردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنا بھرپور دفاع کرے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں