بھارتی موسیقار ہمیش ریشمیا اور اہلیہ کے درمیان طلاق ہو گئی

11:41 AM, 8 Jun, 2017

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کو سپر ہٹ گیت دینے والے میوزک کمپوزر ہمیش ریشمیا کا جہاں فنی کیرئیر عروج پر ہے وہیں ان کی ذاتی زندگی مشکلات سے بھرپور اور زوال پذیر ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف موسیقار، گلوکار اور اداکار ہمیش ریشمیا اور ان کی اہلیہ کے درمیان 22 سالہ ازدواجی زندگی ختم ہو گئی۔

دونوں نے گزشتہ سال علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور طلاق کیلئے ممبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام سوائم ہے۔

خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ہمیش ریشمیا کی گرل فرینڈ سونیا کپور اس طلاق کی ذمہ دار ہیں جو آج کل ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں تاہم ہمیش ریشمیا کی سابق اہلیہ نے ان خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اور ہمیش ایک دوسرے کی اب بھی عزت کرتے ہیں۔

ہم دونوں کے درمیان طلاق کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا تھا۔ ہم دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔ کومل نے کہا کہ سونیا کپور سمیت کوئی بھی ہمارے رشتے میں دراڑ کا ذمہ دار نہیں ہے۔ میں اور میرا بیٹا سونیا کپور کو اپنے خاندان کا ایک فرد ہی تصور کرتے ہیں۔

دوسری جانب ہمیشں ریشمیا نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم دونوں اور ہمارے خاندان کے افراد ہمارے فیصلے سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات زندگی میں انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے مشکل اور کٹھن فیصلے لینے پڑتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں