حسن نواز آج پھر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے

11:24 AM, 8 Jun, 2017

اسلام آباد: وزیراعظم کے بیٹوں سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ حسن نواز جے آئی ٹی کے روبرو آج دوسری مرتبہ پیش ہو گئے۔ جے آئی ٹی نے رات گئے اچانک شیڈول تبدیل کرتے ہوئے آج حسین نواز کی بجائے حسن نواز کو طلب کیا تھا حسن نواز جوڈیشل اکیڈمی پہنچے تو اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دوسری جانب جوڈیشل اکیڈمی کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اضافی خار دار تاریں لگا دی گئیں۔

حسن نواز کے استقبال کیلئے آنے والے وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری، ڈپٹی مئیر اسلام آباد اور دیگر رہنماؤں کو پولیس نے مرکزی دروازے تک جانے سے روک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نواز کل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونگے۔ جے آئی ٹی کے سامنے یہ ان کی پانچویں پیشی ہو گی۔

گزشتہ روز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی دوسری رپورٹ پیش کی تھی۔ عدالت کا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے عدالت کو تحقیقات میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ جسٹس اعجاز افضل نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی کو ایک دن بھی اضافی نہیں دیا جائے گا۔

تحقیقات میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کر دی تھی ۔ فوٹو لیک سے متعلق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی درخواست پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ تصویر پر وقت اور تاریخ واضح ہے۔

عدالت دیکھے گی کہ لیک تصویر سے متعلق تحقیقات ہونی چاہئے یا نہیں۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کردہ 15 روزہ کارکردگی رپورٹ دوبارہ سیل کر کے رجسٹرار کو بھجوانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی تھی۔

حسین نواز کا کمیشن بنانے کا مطالبہ

ادھر وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے دوران تصویر لیک ہونے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ حسین نواز نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں کہ تصویر کیسے لیک ہوئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تصویر لیک ہونے کے ذمہ دار جے آئی ٹی سربراہ اور اراکین ہیں ۔ تصویر لیک ہونا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس کا مقصد تضحیک کرنا تھا ۔ خواجہ حارث ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں حسین نواز نے کہا کہ تصویر لیک کر کے آئندہ طلب کیے جانے والوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی کے رحم و کرم پر ہوں گے۔

تنازعات

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف دونوں حسین نواز کی پاناما پیپر کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی) کے سامنے پیشی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر لیک ہونے کے معاملے پر ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔دونوں فریقین کا موقف ہے کہ یہ تصویر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر لیک کی گئی۔

مذکورہ تصویر جو کسی سی سی ٹی وی فوٹیج سے لیا گیا اسکرین شاٹ معلوم ہوتی ہے پر 28 مئی کی تاریخ درج ہے۔ یہ وہی دن ہے جب حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پہلی مرتبہ پیش ہوئے تھے۔

نہال ہاشمی نے شریف خاندان سے حساب لینے والوں پر پاکستان کی زمین تنگ کر دینے کی دھمکی دی تھی۔ غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر کا وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لے لیا تھا جبکہ نہال ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔ بعد ازاں نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن انہوں نے یو ٹرن لے لیا تھا اور چیئرمین سینیٹ سے استعفیٰ منظوری نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

7 جون کو چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے رولنگ سناتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یکم جون کو سینیٹ سیکریٹریٹ کو ایک نوٹس جاری کرنے کیلئے کہا تھا کہ نہال ہاشمی 5 جون 2017 کو خود پیش ہو کر استعفیٰ دینے کی وجوہات بتائیں انھوں نے پیش ہونے سے معذرت کی اور نئی تاریخ دینے کی استدعا کی تھی۔

انہوں نے کہا   کہ نہال ہاشمی 6 جون کو خود میرے سامنے پیش ہوئے اور ان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں