بھوپال:بھارت میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 20افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بالا گھاٹ میں قائم ایک پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 20 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ یہ فیکٹری آبادی سے دور ایک جنگل میں قائم تھی ۔
دوپہر کے وقت اس میں اچانک دھماکا ہو گیا جس سے پورا گودم تباہ ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت فیکٹری میں تقریبا 40 افراد موجود تھے۔ شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں علاج کے لئے داخل کرا دیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب بھارتی پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔