نیروبی:ارشد شریف کا قتل غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیاگیا ہے۔ کینیا کی عدالت کا اہلخانہ کو 2 کروڑ 17 لاکھ ہرجانہ دینے ،گولی چلانے والے پولیس افسر کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
کینیا کی ہائیکورٹ نے ارشد شریف قتل کیس پر اپنا فیصلہ سنادیا ہے اور فیصلہ سناتے ہوئے قتل کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا ہے اس کے ساتھ ارشد شریف کی فیملی کو 2 کروڑ 17 لاکھ ہرجانہ دینے کا حکم دیا ہے۔
کجیادو کی ہائیکورٹ نے ارشد شریف کی بیوہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ پولیس کے ہاتھوں پاکستانی صحافی کا قتل غلط شناخت کا نتیجہ نہیں تھا۔کینیا کی ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے پسماندگان کو ایک کروڑ شیلنگ (کینیا کی کرنسی) کی ادائیگی کا حکم بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں کینیا کی ایلیٹ پولیس یونٹ کے خلاف 2022 میں نیروبی میں قتل کیے گئے پاکستانی صحافی کے کیس میں ٹرائل کا آغاز ہوا تھا۔ارشد شریف کو 2022 اکتوبر میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ ایک اور پاکستانی شہری کے ہمراہ کار میں نیروبی کے باہر ایک چیک پوائنٹ سے گزر رہے تھے جہاں پولیس نے ان پر فائرنگ کردی تھی۔